کچھ مزاحیہ شعروں کی تخلیق۔
پس منظر اس کا یہ ہے کہ کسی نے آموں کی تصویر لگائی اور کیپشن لگایا : بادشاہ سلامت تشریف لاتے ہیں۔ کیپشن بڑا بلا کا تھا۔ اس پر ایک دوست نے تبصرہ کیا: ''دل جلانے کی بات کرتے ہو آم کا نام بعد میں اور ڈاکٹر کا نسخہ پہلے سامنے آتا ہے''۔ اس تبصرے سے تحریک پا کر یہ چند ابیات کہہ ڈالے۔
دل جلانے کی بات کرتے ہو
آم کھانے کی بات کرتے ہو
مجھ کو جینا ہے ڈاکٹر کے لئے
تم گھرانے کی بات کرتے ہو
اس کا نسخہ پیامِ مرگ نہ تھا
تم بنانے کی بات کرتے ہو
آم کھاتے تھے پیڑ گنتے تھے
اُس زمانے کی بات کرتے ہو
دام گِڑھکوں کے بھی دیے ہم نے
سب گنوانے کی بات کرتے ہو
باتیں کرتے ہو وَیریوں جیسی
کِس یَرانے کی بات کرتے ہو
۔۔۔۔
گِڑھک: گٹھلی۔ وَیری: دشمن، یَرانہ: یارانہ
۔۔۔۔
محمد یعقوب آسی۔ ۲۹ ۔ اپریل ۔ ۲۰۲۰ء
No comments:
Post a Comment